چھتیس گڑھ، 12 دسمبر (آئی این ایس انڈیا) وزیر صحت ٹی ایس سنگھ دیو کے ایک بیان کے بعد یہ بحث شروع ہوگئی تھی کہ کیا وزیر اعلی ڈھائی سال بعدبدل جائیں گے؟ جس پر کانگریس ہائی کمان نے اب مکمل روک لگادی ہے۔ اگر کانگریس ذرائع پر یقین کیا جائے تو چھتیس گڑھ میں بھوپیش بگھیل وزیر اعلی رہیں گے۔
دراصل،وزیر صحت ٹی ایس سنگھ دیو نے بلاسپور میں ایک بیان دیا تھا جس میں انہوں نے کہا تھا کہ وزیر اعلی کا عہدہ یا کسی کی مدت ملازمت طے نہیں ہے، ہم نے 2 دن کابھی وزیر اعلی دیکھاہے اور 15 سال کا بھی دیکھا ہے۔ یہ سب وقت اور صورتحال کے مطابق ہائی کمان کا تعین کرتا ہے، جس کے بعد بی جے پی کو ایک مسئلہ مل گیا اور سابق وزیر اعلی ڈاکٹر رمن سنگھ نے کہا کہ وزیر صحت ٹی ایس سنگھ دیو ایک سنجیدہ شخص ہیں، اگر انہوں نے کچھ بھی کہا ہے تو اس معاملے میں وزن ہے۔اس کے علاوہ اگر مرکزی قیادت کے مابین کوئی ایسی بات ہوئی ہے تو انہیں وعدہ نبھانا چاہئے۔ اس پورے معاملے پر وزیر اعلی بھوپیش بگھیل نے بھی اپنا جواب دیا۔
انہوں نے کہاکہ اگر ہائی کمان مجھے کہے تو میں جاکر گورنر کو استعفیٰ دے دوں گا، وزیر اعلی کا عہدہ مستقل نہیں ہے۔ جیسے ہی ڈھائی سالہ وزیر اعلی کے فارمولے کی بات لوگوں میں پھیلنا شروع ہوئی، کانگریس ہائی کمان نے یہ واضح کردیا کہ چھتیس گڑھ میں وزیر اعلی بھوپش بگھیل برقراررہیں گے۔ہائی کمان کی جانب سے یہ کہنے کے بعد یہ واضح ہو گیا ہے کہ اب ڈھائی سال کی بات نہیں ہے،جو لوگ وقتا فوقتا اس کے بارے میں بات کرتے ہیں انہیں بھی جواب مل گیا ہے۔ ہائی کمان نے ایسے لوگوں کے سوالوں پر مکمل روک لگا دی ہے۔